غزہ— اسرائیلی فوج نے غزہ اور خان یونس میں گھروں اور نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کے کیمپوں کو شدید بمباری کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی طیاروں اور توپ خانے نے رات گئے تک رہائشی علاقوں پر گولہ باری کی، جس سے کئی گھر منہدم ہوگئے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ملبے تلے اب بھی کئی افراد دبے ہوئے ہیں جبکہ اسپتالوں میں زخمیوں کی بڑی تعداد لائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق خان یونس میں ایک کیمپ پر بمباری کے بعد بھاری جانی نقصان ہوا، متاثرین میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی حکام نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، کیونکہ بے گھر افراد کے کیمپوں کو نشانہ بنانا کھلی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
