وزیر آباد :وزیر آباد میں دریا چناب کے کنارے واقع سب سے آخری گاؤں لویری والا میں سیلاب متاثرین کے لیے راشن تقسیم کیا گیا۔ یہ علاقہ دریا کے بالکل قریب ہونے کی وجہ سے شدید متاثر ہوا تھا اور حالیہ سیلاب کے دوران یہاں سات سے آٹھ فٹ تک پانی داخل ہوگیا تھا۔
علاقے میں اب بھی پانی کھڑا ہے اور متاثرین تک امداد بروقت نہ پہنچ سکی تھی۔ تاہم العزم ٹرسٹ کے زیرِاہتمام متاثرہ خاندانوں تک راشن پہنچایا گیا۔ ٹرسٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ عطیات دینے والے تمام دوستوں، بہن بھائیوں کے شکر گزار ہیں جن کی بدولت یہ خدمت ممکن ہوئی۔
ذمہ داران نے مزید کہا کہ متاثرین کو عزت و احترام کے ساتھ امداد فراہم کی گئی اور اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا کہ کوئی ایسی ویڈیو یا پوسٹ نہ کی جائے جس سے ان کی عزتِ نفس مجروح ہو۔ بعض مقامات پر رش کی وجہ سے انتظامات مشکل ضرور ہوئے، تاہم متاثرین سے بار بار اطمینان اور سکون کے ساتھ آنے کی اپیل کی جاتی رہی۔