وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس سال یہ دن "خواتین کے خلاف ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے متحد” ہونے کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد نہ صرف انسانیت اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ معاشرے کے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان خواتین کی عزت و تکریم اور برابری کے حقوق کی بھرپور ضمانت فراہم کرتا ہے۔
اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان تشدد کا شکار خواتین کے لیے ادارہ جاتی معاونت کو مؤثر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں آزاد کمیشنز کا قیام، خواتین پروٹیکشن سینٹرز، خواتین پولیس اسٹیشنز، ہیلپ لائنز، اور متاثرہ خواتین کے لیے مالی و قانونی امداد جیسے اقدامات شامل ہیں۔
وزیراعظم نے قوم کے تمام طبقات—بالخصوص نوجوانوں، سماجی و مذہبی رہنماؤں اور اساتذہ—سے اپیل کی کہ وہ خواتین پر تشدد کے خلاف متحد ہوں اور اس کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے ایک محفوظ، منصفانہ اور برابری پر مبنی معاشرہ صرف حکومتی اداروں، عوام، سول سوسائٹی، اور عالمی شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام 3

