گڑھی خدا بخش — پاکستان
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے پاس بھارت کے مزید جنگی طیارے گرانے کی مکمل صلاحیت موجود تھی، تاہم پاکستان نے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں پاکستان پر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو ملک بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ بھارت کو اب یہ حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے کہ پاکستان اپنے دفاع سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن کمزوری نہیں دکھائے گا۔ ان کے بقول، اگر کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو سیاسی قیادت، مسلح افواج اور عوام متحد ہو کر جواب دیں گے۔
آصف علی زرداری نے ملکی عسکری قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے درست قیادت کا انتخاب کیا جس نے دشمن کو واضح پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو بڑی طاقت قرار دیتا ہے مگر پاکستان کے عزم اور حوصلے کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
صدر زرداری نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں جنگ کی اطلاع دی گئی تو انہیں بنکر میں جانے کا مشورہ دیا گیا، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ میدان میں رہ کر مقابلہ کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں غلط فیصلوں کے باعث پاکستان کے عالمی تعلقات متاثر ہوئے، لیکن اب ملک دوبارہ سفارتی سطح پر اپنا مقام مضبوط کر رہا ہے۔

