(24نیوز) بین الاقوامی ٹرین سروس معطل ہونے سے ہزاروں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔
انگلینڈ کو یورپ سے جوڑنے والی ہائی سپیڈ ٹرین سروس یورو سٹار کی لندن سے پیرس، ایمسٹر ڈیم اور برسیلز جانے والی تمام ٹرینیں ٹیکنیکل خرابی کا انکشاف ہونے پر بند کر دی گئیں، ٹرین سے سفر کے لئے تمام انتظامات مکمل کر چکے ہزاروں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔
ٹرینوں کی اچانک بدش سے ریلوے سٹیشنوں پر سفر کے لئے نکلے ہوئے مسافروں کا ہجوم ہو گیا۔ یہ تعطل عین اس وقت پیش آیا جب یورپ اور انگلینڈ میں کرسمس اور نئے سال کی چھٹیاں منانے کے لئے لاکھوں لوگ گھروں سے نکلے ہوئے ہیں۔ اس بندش نے بہت سے لوگوں کے سالِ نو کے پروگرام گارت کر دیئے ہیں اور بہت سے لوگ ضروری کاموں کو انجام دینے سے محروم ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینل ٹنل میں بجلی کی فراہمی میں اچانک خرابی کے باعث ٹرین سروس کے برے انترنیشنل ادارہ یورو سٹار نے لندن سے پیرس، برسلز اور ایمسٹرڈیم جانے والی تمام ٹرینیں غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دی ہیں۔ منسوخ کی گئی ٹرینوں سے سفر کر لئے ٹکٹ لینے والے ہزاروں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
لندن کے سینٹ پینکریاز سٹیشن پر عملے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سفری منصوبے مؤخر کریں اور بعد کی تاریخ کے لیے دوبارہ بکنگ کروائیں۔
آج منگل کو دوپہر تک برطانیہ، فرانس، بیلجیم اور نیدرلینڈز کے درمیان کم از کم 12 یورو سٹار سروسز منسوخ ہو چکی تھیں جبکہ متعدد ٹرینیں تاخیر سے روانہ کی گئیں۔ کئی ٹرینوں کے روٹ بدل کر کام چلانے کی کوشش کی گئی۔ نیشنل ریل کے مطابق یہ بڑا خلل دن کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
یورو سٹار انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور فرانس کے درمیان سمندر کے نیچے سے گزرنے والی چینل ٹنل میں اوور ہیڈ پاور سپلائی کے مسائل کے بعد لی شٹل کی ایک ٹرین خراب ہو گئی، جس کے باعث لندن آنے اور جانے والی تمام ٹرینیں معطل کر دی گئیں۔ یورو سٹار نے مسافروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی بکنگ تبدیل کر سکتے ہیں، یا ٹکٹ منسوخ کر کے مکمل رقم واپس یا ای واؤچر حاصل کر سکتے ہیں۔
آج منگل کے روز ہی یورو ٹنل کی لی شٹل سروس، جو گاڑیوں کو فولک سٹون اور کیلے کے درمیان لے جاتی ہے، وہ بھی بجلی کے مسئلے کے باعث معطل رہی۔ فولک سٹون کے سٹیشن پر مسافروں کو ساڑھے تین گھنٹے تک کی تاخیر کا سامنا ہے جبکہ کیلے ٹرمینل پر بھی تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر رپورٹ کی گئی ہے۔
متاثرہ مسافروں نے معلومات کی کمی اور سہولیات نہ ملنے پر شکایات کیں۔ کئی خاندان گھنٹوں سے ٹرینوں اور گاڑیوں میں محصور رہے، کچھ مسافروں کے مطابق انہیں خوراک اور پانی کی قلت کا بھی سامنا رہا۔ لی شٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انجینئیرز کی ٹیمیں بجلی کی فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے میں مصروف ہیں اور صورتحال بہتر ہونے پر سروس بحال کر دی جائے گی۔


