اسلام آباد: پاکستان میں ماہِ شعبان المعظم کا چاند نظر نہیں آیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کر دیا ہے۔
کمیٹی کے مطابق یکم شعبان المعظم 1447 ہجری بدھ، 21 جنوری کو ہوگی، جبکہ شبِ برات منگل، 3 فروری کی شام کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جبکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد کیے گئے۔
وزارتِ مذہبی امور کے حکام نے رابطہ کاری کے فرائض انجام دیے، جبکہ محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین نے فنی معاونت فراہم کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا، تاہم بعض مقامات پر مطلع صاف بھی تھا، لیکن پاکستان کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی مستند شہادت موصول نہیں ہوئی۔
اس کے بعد باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا کہ ماہِ شعبان کا چاند نظر نہیں آیا اور نیا مہینہ بدھ سے شروع ہوگا۔

