سانحہ گل پلازہ: ہلاکتیں 26، 73 افراد تاحال لاپتا، سرچ آپریشن جاری

IMG 20260119 WA1900


کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو گئی ہے، جبکہ 73 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے قائم ہیلپ ڈیسک کے مطابق ابتدائی طور پر 70 افراد کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کی گئی تھی، تاہم مزید تین افراد کے نام شامل کیے جانے کے بعد لاپتا افراد کی مجموعی تعداد 73 ہو گئی ہے۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق لاپتا افراد میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پلازہ میں لگی آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
واقعے کی تفصیلات
حکام کے مطابق گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے گراؤنڈ فلور پر لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہو گئے۔
واقعے کے بعد متاثرہ افراد کے لواحقین کئی گھنٹوں تک جلتی ہوئی عمارت کے باہر بے بسی کے عالم میں اپنے پیاروں کی تلاش میں کھڑے رہے۔
فائر فائٹرز نے مسلسل 33 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پایا، جس کے بعد پلازہ کے اندر محدود پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران ایک بچے سمیت تین افراد کے اعضا برآمد ہوئے، جنہیں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں اب تک 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

متعلقہ پوسٹ