لاہور: School Education Department Punjab نے صوبے کے مختلف اضلاع میں مزید 2,735 سرکاری اسکول نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ کے ذرائع کے مطابق اسکولوں کی نجکاری یا آؤٹ سورسنگ کے عمل کے تحت نجی شعبے سے دلچسپی رکھنے والے افراد اور اداروں کی اسکروٹنی کا عمل 31 مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کم انرولمنٹ اور وسائل کی کمی کا شکار تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا اور انتظامی و تعلیمی معیار کو بلند کرنا ہے۔ نجی شعبے کے حوالے کیے جانے والے اسکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی، سہولیات کی فراہمی اور طلبہ کی تعداد بڑھانے کے اہداف مقرر کیے جائیں گے۔
دوسری جانب اس فیصلے پر مختلف حلقوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض تعلیمی ماہرین اسے اصلاحات کی جانب قدم قرار دے رہے ہیں جبکہ اساتذہ تنظیمیں ملازمین کے مستقبل سے متعلق تحفظات ظاہر کر رہی ہیں۔

