افغان وزارتِ دفاع کا پاکستان میں ڈرون حملوں کا دعویٰ، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کو نشانہ بنانے کا الزام
پاکستان کا تمام ڈرونز مار گرانے کا مؤقف، کسی نقصان کی تردید

FB IMG 1772183797616


اسلام آباد: افغانستان کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے صبح تقریباً 11 بجے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت نوشہرہ، جمرود اور ایبٹ آباد میں فوجی تنصیبات اور چھاؤنیوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔
افغان وزارتِ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایک منظم آپریشن کا حصہ تھی اور اسے کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ تاہم افغان حکام نے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
دوسری جانب پاکستانی حکام نے افغان دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ پاکستان کے وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) سے وابستہ دہشت گردوں نے ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں چھوٹے ڈرون لانچ کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو بغیر کسی نقصان کے مار گرایا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات افغان طالبان اور پاکستان میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے درمیان روابط کو بے نقاب کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق متعلقہ علاقوں میں فضائی نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ حساس تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ سرکاری سطح پر تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ مہینوں میں سرحدی کشیدگی اور سیکیورٹی الزامات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

متعلقہ پوسٹ