اسلام آباد، : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کے باوجود حکومتِ پاکستان نے عوام سے کیے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی معیشت شدید دباؤ میں ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، تاہم بروقت پالیسی سازی، بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت حکومت اس صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بطور خادمِ پاکستان انہوں نے غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے اشرافیہ اور حکومت سے خود شروعات کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ کے فضل اور سفارتی و معاشی ٹیم کی کاوشوں سے خام تیل کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار دستیاب ہے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی یقینی بنا رہی ہیں، اور صوبائی حکومتوں کا وفاق کے ساتھ تعاون انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں گے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

