پیرس — فرانسیسی استغاثہ کے دفتر نے غزہ فلوٹیلا پر سوار فرانسیسی سماجی کارکنوں سے اسرائیلی فوج کی مبینہ بدسلوکی کے معاملے پر باضابطہ جنگی جرائم کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ یہ تحقیقات فرانس حکومت کی باضابطہ درخواست پر شروع کی گئی ہیں، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ یورپی ممالک اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کررہے ہیں۔
اسی تناظر میں آئرلینڈ نے اسرائیل کے وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزیلیل سموٹریچ پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ آئرش وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے فلوٹیلا قافلے کے ساتھ ان وزرا کا رویہ "ناقابل برداشت” ہے۔
دوسری جانب البانیہ کے دارالحکومت تیرانا میں ہزاروں شہریوں نے ایک امریکی-اسرائیلی کمپنی کے رہائشی منصوبے میں سرمایہ کاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل مخالف جذبات اب بلقان تک پھیل چکے ہیں۔

