اسپیشل رپورٹ ! برلن ہیڈ آفس ( ؤائس آف جرمنی )
پاکستان کے 87ویں قومی دن کی مناسبت سے آج پاکستان ہاؤس برلن میں ایک سادہ مگر پروقار، پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جرمنی میں پاکستان کی سفیر محترمہ ثقلین سیدہ نے پاکستان کے دوستوں اور خیر خواہوں کی موجودگی میں پرچم کشائی کی۔
تقریب کے دوران پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے پیغامات بھی حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ یہ دن تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر پورے خلوص کے ساتھ مادر وطن کی خدمت کرنے کے ہمارے عزم کی یاد دلاتا ہے۔



انہوں نے مزیدکہاکہ حالیہ علاقائی اور عالمی کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی قوم کے لیے چیلنجز میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ قائداعظم کےوضع کردہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل کریں تاکہ ملک کو ان مشکل حالات سےنکالا جا سکے۔ سفیر نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ سفارت خانہ پاکستان کی خدمت کے لیے کوشاں رہے گا اورسبزہلالی پرچم کو بلند رکھنے کے لیے تارکین وطن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
اس موقع پر کمیونٹی ممبران، طلباء اور مقامی
جرمن شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

