محسن نقوی کی تاجروں سے بیرون ملک رکھی 30 فیصد رقم واپس لانے کی اپیل

1776225681 محسن نقوی 1.webp


کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بیرون ملک رکھے ہوئے سرمائے کا کم از کم 20 سے 30 فیصد حصہ پاکستان واپس لائیں۔

پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بیرون ملک رکھے ہوئے سرمائے کا کم از کم 20 سے 30 فیصد حصہ پاکستان واپس لائیں۔ اگر صرف 30 فیصد پیسہ بھی ملک میں آگیا تو یہ 10 ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہوگا۔

محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں رہنما جو بھی وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے معاملات کو بزنس فرینڈلی بنایا جائے گا اور ہزاروں زیر التواء انکوائریز کو کلیئر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک یا دو فیصد لوگوں کی وجہ سے پوری بزنس کمیونٹی کو سزا نہیں دی جاسکتی لیکن جو لوگ غیر قانونی طریقوں سے پیسے باہر بھیج رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

منی چینجرز اور کرنسی اسمگلنگ پر سخت ایکشن

وزیر داخلہ نے بتایا کہ کراچی میں چھ سے سات بڑے گروپس کی ٹرانزیکشن پکڑی گئی ہے اور ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ منی چینجرز اس لیے رکھے گئے ہیں تاکہ لوگ اپنے پیسوں کا بندوبست کرسکیں لیکن اگر کوئی اس نظام کا غلط استعمال کرے گا تو وہ معافی کا حق دار نہیں ہوگا۔

تاجروں کے لیے پاسپورٹ اور ویزا سہولیات

محسن نقوی کہتے ہیں کہ تاجروں کے لیے الگ پاسپورٹ جاری کرنے کی تجویز تیار کی جارہی ہے۔ تاجروں کے ویزوں سے متعلق تجویز جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن ممالک سے تاجروں کو ویزا لینے میں مشکلات پیش آتی ہیں ان کے سفارت خانوں کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے تاکہ اصلی بزنس مینز کی شناخت کرکے انہیں آسانی سے ویزے دیے جاسکیں۔

سی ڈی اے اور ترقیاتی منصوبے

وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ڈی اے سے زیادہ مشکل ادارہ کوئی نہیں لیکن انہوں نے اپنی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ اگر وہ سی ڈی اے کو ٹھیک نہ کرسکے تو وہ ناکام ہوں گے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد میں مارگلہ کے ساتھ ایک نیا شہر بنایا جارہا ہے جو شنگھائی اور مین ہیٹن کا مرکب ہوگا، جہاں بزنس مینز اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑے مواقع ہوں گے۔

بلوچستان کے جزیرے مالدیپ سے بہتر

محسن نقوی نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں استور آئی لینڈ اتنا خوبصورت ہے کہ اگر وہاں ریزورٹس بن گئے تو کوئی مالدیپ جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کل بلوچستان جارہے ہیں اور وزیراعلیٰ سے اس حوالے سے روڈ شو کرنے کی درخواست کریں گے۔ دنیا میں کہیں بھی اتنا منافع نہیں جتنا پاکستان میں ہے اور آنے والا بجٹ ملک کے لیے سب سے اہم ہوگا۔



Source link

متعلقہ پوسٹ