پیرس: عالمی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز دوبارہ کھلی نہ تو عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
فاتح بیرول نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال کے باعث مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ آئے گا اور صارفین کو گیسولین، گیس اور بجلی کی قیمتوں کے دباؤ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کی فراہمی پر جاری کشیدگی کے اثرات فوری طور پر سامنے آ سکتے ہیں جبکہ عالمی منڈی غیر یقینی کیفیت سے دوچار رہے گی۔
آئی ای اے سربراہ نے بتایا کہ اندازے کے مطابق تیل اور گیس کی پیداوار کو جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال ہونے میں تقریباً دو سال لگ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران تاریخ کا سب سے بڑا توانائی بحران ہے اور آبنائے ہرمز کی بحالی ہی اس دباؤ کو کم کرنے کا سب سے اہم حل ہے۔
یہ انتباہ حالیہ مشرق وسطیٰ تنازع کے تناظر میں سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے آبنائے ہرمز سے تیل اور گیس کی ترسیل شدید متاثر ہوئی ہے۔

