پی ایس او اور عمانی کمپنی کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے

IMG 20261122 WA1839


مسقط/اسلام آباد — پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمان کی سرکاری تجارتی کمپنی او کیو ٹریڈنگ (او کیو ٹی) کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت عمانی کمپنی پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک اور عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی نے مسقط میں منعقدہ تقریب میں "سیل اینڈ پرسچیز ایگریمنٹ” پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اس معاہدے سے پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے باقاعدہ تجارتی فریم ورک میسر ہوگا، جس کا مقصد پاکستان کی توانائی کی سلامتی کو مستحکم کرنا اور ایندھن کی مستقل اور قابلِ اعتماد فراہمی یقینی بنانا ہے۔
معاہدے کے تحت او کیو ٹریڈنگ پی ایس او کو 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ لائن فراہم کرے گی تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں مالی سہولت فراہم کی جا سکے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے اسے دونوں کمپنیوں کے تجارتی تعلقات میں اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ پی ایس او نے اکتوبر میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا تھا کہ اس نے 8 اکتوبر کو او کیو ٹریڈنگ کے ساتھ پیٹرولیم فراہمی کا معاہدہ طے کیا تھا، جو پاکستان اور عمان کے درمیان 2018ء کے حکومتی سطح کے معاہدے کے تحت کیا گیا تھا۔

متعلقہ پوسٹ