وانا / جنوبی وزیرستان — پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی پر حملے کا بھرپور جواب دیا اور کئی افغان چیک پوسٹیں تباہ کر دیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے انگور اڈہ کے راستے پاکستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے یہ منصوبہ خاک میں مل گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دراندازی میں ناکامی کے بعد افغان طالبان نے انگور اڈہ کے علاقے زلول خیل میں سول آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین بے گناہ شہری زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر وانا کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پاک فوج نے سول آبادی پر اس بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے افغان سرحد پر قائم متعدد چیک پوسٹیں نیست و نابود کر دیں۔
واضح رہے کہ پاکستان متعدد بار افغان طالبان انتظامیہ کو تنبیہ کر چکا ہے کہ پاکستانی سرزمین پر حملوں میں کسی بھی طرح کی سہولت کاری قابلِ قبول نہیں اور پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔

