اسلام آباد — حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی وصول کرنے کا اختیار فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو سونپ دیا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق اب تمام رجسٹرڈ پیٹرول پمپس جو پیٹرولیم مصنوعات خریدیں گے، انہیں خریداری کی مکمل تفصیلات ایف بی آر کو فراہم کرنا لازمی ہوگی۔
ایف بی آر حکام نے بتایا کہ یہ اقدام ٹیکس نظام میں شفافیت لانے اور پیٹرولیم شعبے میں ریونیو کے اخفاء کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت پیٹرول پمپس کو فروخت، خریداری اور اسٹاک سے متعلق تمام ڈیٹا ریئل ٹائم بنیادوں پر جمع کروانا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے پیٹرولیم شعبے میں ٹیکس چوری پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور قومی خزانے میں اربوں روپے کا اضافی ریونیو آ سکتا ہے۔

