بیجنگ کا کہنا ہے کہ طاقت کا استعمال ‘ڈیڈ اینڈ’ ہے، مذاکرات کا دروازہ بند نہ ہو
بیجنگ — چین کی وزارتِ خارجہ نے ایران اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اپنا جامع مؤقف جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری اور مکمل جنگ بندی ناگزیر ہو گئی ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران میں جاری تنازع شروع ہی نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ اس جنگ نے نہ صرف ایرانی عوام بلکہ پورے خطے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس تنازع کے اثرات عالمی معیشت، سپلائی چین، بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی عالمی ترسیل پر بھی شدید منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
چین نے حالیہ امریکا ایران جنگ بندی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مذاکرات کا جو دروازہ کھلا ہے اسے دوبارہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ بیجنگ نے واضح کیا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد درست راستہ ہے جبکہ طاقت کا استعمال تباہ کن ثابت ہوگا۔
چین نے خلیجی سمندری راستوں بالخصوص آبنائے ہرمز کو جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سپلائی چین اور توانائی کی ترسیل کے تحفظ کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے۔

