مکہ مکرمہ — حج ۱۴۴۷ھ کے موقع پر سعودی عرب نے عازمین کی صحت اور حفاظت کے لیے تاریخ کا جامع ترین طبی اور سیکورٹی نظام فعال کردیا ہے۔ وزیر صحت فہد الجلاجل کے فیلڈ دورے کے دوران انکشاف ہوا کہ ۳ ہزار سے زائد مختلف اقسام کی ایمبولینس گاڑیاں اور ۱۱ فضائی ایمبولینس طیارے شدید نوعیت کے مریضوں کی فوری منتقلی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
طبی خدمات کو مزید جدید بنانے کے لیے نوبکو (نیشنل یونائیفائیڈ پروکیورمنٹ کمپنی) نے ادویات اور طبی سامان کی فوری ترسیل کے لیے ڈرون طیاروں کا استعمال شروع کیا ہے، جبکہ جنرل اتھاریٹی برائے خوراک و ادویات نے خصوصی ریفریجریٹرز، باڈی کیمروں اور جدید نگرانی کے نظام کو میدانی سطح پر نافذ کیا ہے۔
سعودی ہلال احمر کے آپریشنل فلیٹ میں الیکٹرک گالف کارٹس، موٹرسائیکلیں، اسکوٹرز، بائیسکلز اور تیز رفتار رسپانس گاڑیاں شامل ہیں تاکہ ہجوم زدہ علاقوں میں بھی فوری طبی رسائی ممکن ہو۔
سیکورٹی محاذ پر سعودی حکام نے مقدس مقامات کے اطراف جدید دفاعی نظام نصب کرنے کی ویڈیو جاری کی ہے اور مناسک حج کے آغاز کے ساتھ ہی پورے حرمین علاقے کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

