اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے انشورنس شعبے میں اصلاحات اور مالیاتی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔
بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پروگرام ملک میں انشورنس کوریج کو وسعت دینے، مالیاتی تحفظ کے موجودہ خلا کو کم کرنے اور قدرتی آفات و معاشی جھٹکوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوگا۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے تحت انشورنس سیکٹر میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد، کاروباری ادارے اور کمزور طبقات مالی خطرات سے تحفظ حاصل کر سکیں۔
بینک کے مطابق پاکستان میں انشورنس کی رسائی اب بھی محدود ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں افراد اور کاروبار غیر متوقع مالی نقصانات کے خطرات سے دوچار رہتے ہیں۔ پروگرام کا مقصد انشورنس مارکیٹ کی ترقی، ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنانے اور مالیاتی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے مالیاتی نظام کو مزید مستحکم بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات سے پیدا ہونے والے مالی خطرات کے اثرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

