اسپین کے جنگلات میں بھیانک آتشزدگی، ایمرجنسی نافذ؛ فرانس نے یورپی یونین سے مدد طلب کر لی

spain 25726 d


میڈرڈ/پیرس: اسپین کے جنگلاتی علاقوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے باعث دارالحکومت میڈرڈ کے مغرب میں پہاڑی قصبوں سے 10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس علاقے اور پڑوسی صوبے اویلا میں جنگلاتی آگ کے 3 بڑے واقعات کے پیشِ نظر حکومت نے قومی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی مرکزی حکومت کے سپرد کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جنگلاتی آگ کے باعث اسپین میں پہلی بار اس نوعیت کی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال ملک گیر بجلی کی بندش کے دوران اسی درجے کا ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
یورپی جنگلاتی آگ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی سروس کے مطابق رواں سال اب تک اسپین میں 350 سے زائد مقامات پر جنگلاتی آگ لگ چکی ہے۔
دوسری جانب فرانس نے ساحلی علاقے میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے یورپی یونین سے مدد طلب کی ہے۔ شدید گرمی کی لہر کے باعث پورے یورپ میں جنگلاتی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی حکام نے جنگلات کی شدید آگ کے پیشِ نظر سیاحتی مقام ’کیپ فیریٹ‘ جزیرہ نما کو مکمل طور پر خالی کرانے کا حکم دیا ہے۔ اس علاقے سے تقریباً 40 ہزار افراد کو نکالا گیا، جبکہ متعدد افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔

متعلقہ پوسٹ