پاکستان کا پانی ریڈ لائن، انڈیا راہ راست پر نہ آیا تو جواب دیں گے: شہباز شریف

397670 1959399959


وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقعے پر انڈیا کو خبردار کیا ہے کہ ’پاکستان کے پانی کا ایک، ایک گھونٹ ہماری ریڈ لائن ہے اور اگر انڈیا راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا۔‘

انہوں نے یہ گفتگو صدر آصف زرداری کے ہمراہ گذشتہ سال انڈیا کے خلاف مئی میں مختصر جنگ میں پاکستان کی کامیابی کی یاد میں اسلام آباد میں قائم ’یادگار فتح‘ کے افتتاح کے موقعے پر کی۔

یہ تقریب نصف شب سے کچھ دیر قبل شروع ہوئی، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں نے پریڈ کی۔ تقریب میں 80 فٹ بلند یادگار پر تھری ڈی الیومینیشن پروجیکشن سسٹم کے ذریعے مختلف مناظر اور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

افتتاح کے موقعے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیردفاع خواجہ آصف سمیت اعلیٰ سول اور عسکری قیادت شامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’یادگار فتح ہماری عظیم قوم کے عزم و ہمت، مسلح افواج کے زور بازو، ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور دشمن کے مقابلے میں ان کی برتری کی علامت ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس یادگار کا افتتاح کرتے ہوئے ’ہمارے دلوں میں جذبات کا طوفان امڈ رہا ہے اور آرزوؤں کا سمندر موجیں مار رہا ہے۔‘

انہوں نے انڈیا کے خلاف گذشتہ سال ’معرکہ حق‘ میں کامیابی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے یادگار کے حوالے سے گفتگو میں کہا کہ صرف آٹھ ماہ میں اس کی تعمیر فیلڈ مارشل کی گہری دلچسپی کے بغیر ممکن نہیں تھی، انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والی پوری ٹیم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ہم جنگ نہیں، امن چاہتے ہیں لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

’ہمارا پیغام واضح ہے کہ وہ (انڈیا) اپنی عبرتناک شکست کو یاد رکھے اور اگر آئندہ کسی نے بھول چوک سے بھی پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کو چیلنج کیا تو اسے مئی 2025 سے بھی زیادہ قوت کے ساتھ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘

انہوں نے مزیدکہا کہ گذشتہ جنگ میں شکست کے بعد انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر معطل کر کے خود کو امن کا دشمن ثابت کیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میں واشگاف الفاظ میں اعلان کرتا ہوں کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک گھونٹ ہماری ریڈ لائن ہے۔ انڈیا راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا۔‘

انہوں نے گذشتہ ہفتے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے مابین مکہ میں طے پانے والے باہمی دفاعی معاہدے کو امن کی بشارت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ عالمِ اسلام کے لیے امن کی نوید ہے اور ساری دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے۔‘

انہوں نے اپنی گفتگو میں مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کو بھی دہرایا اور کہا’ ہم مظلوم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور پائیدار امن کے لیے اپنی اصولی حمایت جاری رکھیں گے۔‘

’ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور بھارتی جبر کے پنجے سے آزادی کے لیے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے، جب تک کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو ان کا بنیادی حق نہیں مل جاتا۔‘

انہوں نے افغانستان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے فی الفور روکے ’ہم افغانستان میں بھی امن اور استحکام چاہتے ہیں لیکن افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ناقابل برداشت ہے۔

’ہم ایک دوسرے کے ہمسائے ہیں اور ہمیشہ اسی طرح ہمیں رہنا ہے۔‘

میرا افغان قیادت کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے فی الفور روکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں اور ’ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں یہ مزید مضبوط اور توانا ہوں گے۔‘

صدر مملکت کا خطاب

پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے ان قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

صدر زرداری نے کہا آزادی محض ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ’ایک ایسی ذمہ داری ہے جسے ہر نسل کو آگے بڑھانا ہے۔‘

گذشتہ ایک برس کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا ’معرکہ حق کے واقعات نے ثابت کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے عزم اور صلاحیت بھی رکھتا ہے۔‘

صدر زرداری نے کہا ’پاکستان کشیدگی کم کرنے، علاقائی استحکام کے تحفظ اور تعاون کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔‘

صدر نے خطے کی مجموعی جغرافیائی سیاسی صورتِ حال پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا ’یہ افسوس ناک ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت پاکستانی شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف دہشت گرد حملے کرنے میں انڈیا کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔‘

صدر زرداری نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے عوام کے خلاف ’برے اقدامات بند کرے‘ اور قوم کو یقین دلایا کہ ملک کی مسلح افواج پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

مسلح افواج کی مبارک باد

فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے قوم کو پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقعے پر  مبارک باد پیش کی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناح، بانیانِ پاکستان اور ان تمام افراد کو ’گہرا خراج عقیدت‘ پیش کیا جن کی قربانیوں نے آزادی کی خواہش کو ایک خودمختار پاکستان کی حقیقت میں تبدیل کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ان کا وژن، حوصلہ اور عزم قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں اور ہمیں پاکستان کے اصولوں اور نظریات کی پاسداری کے لیے مسلسل تحریک دیتے ہیں۔‘

بیان کے مطابق پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج نے تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع، آئین کی پاسداری اور پاکستانی عوام کی جانب سے ان پر عائد مقدس ذمہ داری کو نبھانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ’قوم کے ساتھ متحد ہو کر مسلح افواج امن اور استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی اور قومی ترقی و خوشحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ