سعودی عرب نے پی او سی ہولڈرز کو حج کوٹے میں شامل کرنے کی اجازت دے دی، پاکستانی شہریت اورپاسپورٹ ترک کرنے والوں کو پہلی بار سہولت فراہم کی گئی ہے۔
سعودی عرب نے پاکستان اوریجن کارڈ رکھنے والے پاکستانی نژاد افراد کو پہلی بار پاکستانی حج کوٹے میں شامل کرنے کی اجازت دے دی۔
وزارتِ مذہبی امور نے بتایا پی او سی کارڈ ہولڈرز کے لیے پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا ایک فیصد مختص کیا جائے گا، جس کے تحت تقریباً 1,792 پاکستانی نژاد پی او سی کارڈ ہولڈرز پہلی مرتبہ پاکستانی کوٹے پر فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔
نئی سہولت کے تحت پی او سی کارڈ رکھنے والے افراد سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یہ سہولت ان پاکستانی نژاد افراد کے لیے اہم پیش رفت ہے، جنہوں نے ماضی میں پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کردیا تھا۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا تھا کہ پی او سی ہولڈرز کے حج ویزوں کے اجرا کے لیے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ سعودی ویزا جاری کرنے میں کسی قسم کی قانونی یا انتظامی رکاوٹ موجود نہ ہو۔
وزارت مذہبی امور پی او سی کارڈ ہولڈرز کے لیے حج درخواستوں اور نئی شرائط سے متعلق تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔
درخواست فارم میں سعودی وزارتِ حج کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کو بھی شامل کیا جائے گا۔
وزارت نے متعلقہ حکام کو پی او سی کارڈ ہولڈرز کے لیے اس نئی سہولت سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔
پی او سی ایسے غیر ملکی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو ماضی میں پاکستانی شہری رہے ہوں یا جن کا پاکستانی پس منظر ہو تاہم نئی پالیسی کے تحت پہلی مرتبہ ان افراد کو پاکستان کے حج کوٹے سے فریضہ حج ادا کرنے کا موقع ملے گا۔


