
(24 نیوز) امریکی ریاست فلوریڈا میں سلور ریور میں تیراکی کے دوران مگرمچھ کے خوفناک حملے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کے دوران اپنا دایاں بازو کٹوانا پڑا۔
واقعہ مارین کاؤنٹی کے سلور ریور میں پیش آیا، جہاں تیراکی کرنے والے افراد کے ایک گروپ کا سامنا مگرمچھ سے ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق خاتون نے اپنی جان بچانے کے لیے پیڈل بورڈ کے پیڈل سے مگرمچھ کو دور کرنے کی کوشش کی، تاہم جانور نے اچانک حملہ کرکے انہیں پانی کے اندر کھینچ لیا۔
قریب موجود کشتی سوار افراد نے خاتون کی چیخیں سن کر فوری طور پر مدد کی، جس کے بعد مگرمچھ نے انہیں چھوڑ دیا۔
زیادہ خون بہنے سے روکنے کے لیے فوری طور پر رسی کی مدد سے ٹورنیکیٹ باندھا گیا اور خاتون کو قریبی بوٹ ریمپ تک پہنچایا گیا۔
طبی امدادی ٹیم نے خاتون کو کشتی سے اپنی تحویل میں لے کر مقامی ہسپتال منتقل کیا۔
مزید پڑھیں:ٹام کروز کو مجھ پر کرش ہے: ملیکا شراوت کا دعویٰ
جہاں ڈاکٹروں نے ہنگامی طبی کارروائی کے ذریعے ان کی حالت مستحکم کی، بعد ازاں خاتون کو گھر منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد حکام نے عارضی طور پر سلور ریور میں کشتی رانی اور تیراکی پر پابندی عائد کردی ہے ۔
دوسری طرف فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن کے اہلکاروں نے حملہ آور مگرمچھ کی تلاش شروع کردی۔
حکام کے مطابق 9 اگست کو تقریباً 9 فٹ 8 انچ لمبے نر مگرمچھ کو پکڑ لیا گیا اور علاقے سے دور منتقل کردیا گیا، جس کے بعد دریا کو دوبارہ کشتیوں اور تیراکوں کے لیے کھول دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق مگرمچھوں کی موجودگی والے علاقوں میں صرف مقررہ مقامات پر اور دن کی روشنی میں تیراکی کرنی چاہیے۔
پالتو جانوروں کو پانی کے کنارے سے دور رکھنا چاہیے اور جنگلی مگرمچھوں کو کسی صورت خوراک نہیں دینی چاہیے۔

