سعودی قیادت والے بحری دفاعی اتحاد میں ۱۳ ممالک شامل، ۱۵ نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے؛ نائب کمانڈر پاکستان


جدہ — عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی قیادت میں قائم کثیرالملکی میری ٹائم ڈیفنس الائنس نے اپنے تیسرے منصوبہ بندی اجلاس کے دوران اہم پیشرفت کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس جدہ میں "ویسٹرن فلیٹ کمانڈ” میں منعقد ہوا جس میں ۳۹ ممالک کے نمائندے شریک تھے۔ سعودی وزارتِ دفاع نے جمعرات کو بتایا کہ اب تک ۱۵ ممالک نے اتحاد کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دیے ہیں جبکہ ۱۳ ممالک باضابطہ طور پر اس اتحاد کے رکن بن چکے ہیں۔
وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ اتحاد نے اپنے کمانڈ ڈھانچے کو فعال کرنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ رکن ممالک کے افسران اور اہلکاروں کو اتحاد کی کمان، بحری اور انٹیلی جنس آپریشنز میں شامل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ وزارت کے بقول اتحاد کے ابتدا میں کمان سعودی عرب کے پاس رہے گی جبکہ پہلے نائب کمانڈر کا منصب پاکستان کو تفویض کیا جائے گا۔
اعلامیے کا مقصد بین الاقوامی بحری راستوں کی حفاظت، عالمی تجارت کے تحفظ اور سمندری سلامتی کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے معلوماتی تبادلے، مشترکہ مشقوں، آپریشنل کوآرڈینیشن اور ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزارتِ دفاع نے کہا کہ آئندہ اجلاسوں میں کمانڈ اینڈ کنٹرول فریم ورک، ذمہ داریوں کی تفویض اور عملی ضوابط حتمی شکل دیے جائیں گے تاکہ مشترکہ کارروائیاں تیز اور مؤثر طریقے سے انجام پائیں۔

متعلقہ پوسٹ