وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ ریفائنریز کے ساتھ ملاقاتوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ریفائنریز نے حکومت کی درخواست قبول کی ہے، جس کے بعد آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے سے زائد کمی کرے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ریفائنریوں کو درخواست کی اور چیئرمین اوگرا سمیت ہمیں بھی ہدایت کی، جس کے بعد ریفائنریز کے ساتھ گفتگو ہوئی ہے اور ریفائنریوں نے حکومت کی درخواست قبول کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے سے زائد کمی کی جائے گی، اوگر چند لمحوں کے بعد اپنے اعداد وشمار کے ساتھ عوام کے سامنے لائے گا، جس سے کسان، طلبہ اور عوام کی تکلیف کم کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ مرہم رکھا جائے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے مشکل ماحول سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے لیے عوام کو بالکل لاوارث نہیں چھوڑا، اوگرا ریاست کا ادارہ ہے، جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے، اس کے ساتھ ساتھ حکومت کے جائز مطالبات کا بھی خیال رکھے۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریز نے جنگ کے دوران خام تیل کی قیمت پر ہمارے ساتھ متفق ہوئے تھے اور آج بھی ہمارے ساتھ لبیک کہا ہے، اگلے ہفتے اپنی ٹیم کے ساتھ کراچی جا کر ریفائنریز کا شکریہ ادا کروں گا اور ان کے مسائل پر کام کریں گے۔
Source link

