نئے انتظامی یونٹس کی بازگشت؛ فاروق ستار کا بلاول بھٹو کو مناظرے کا چیلنج
بلاول بھٹو جہاں مناظرے کے لیے آنا چاہتے ہیں، وہاں بیٹھنے کو تیار ہیں، ایم کیو ایم رہنما
کراچی: نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے جس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بلاول بھٹو زرداری کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بلاول بھٹو جہاں مناظرے کے لیے آنا چاہتے ہیں، وہ وہاں بیٹھنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر ریفرنڈم کرایا جائے، اس کے بعد سب کو حقیقت کا پتا چل جائے گا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے 18 ویں آئینی ترمیم کو کوئی نقصان نہیں ہوگا بلکہ اس اقدام سے چند خاندانوں کی اجارہ داری ختم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مقصد انتظامی معاملات کو بہتر بنانا اور اختیارات کو زیادہ مؤثر انداز میں تقسیم کرنا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے حوالے سے کہا کہ ان کی جماعت نے دھاندلی کے خدشے کے باعث انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جب دھاندلی ہونی ہی تھی تو اب اس معاملے پر ایم کیو ایم کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔
نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری کو مناظرے کی پیشکش کرتے ہوئے فاروق ستار نے مزید کہا کہ اس معاملے پر کھل کر بحث ہونی چاہیے تاکہ عوام کے سامنے تمام حقائق آسکیں۔

