کراچی میں ڈاکو راج برقرار، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

firing in karachi1755393994 0



کراچی:

شہر قائد میں ڈاکو راج برقرار ہے، شاہ لطیف ٹاون میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے شاہ لطیف سیکٹر 22 اے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے سامنے نامعلوم مسلح ملزم نے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرفائرنگ کردی جس کے باعث موٹرسائیکل سوارنوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ زخمی نوجوان دوران سفر دم توڑ گیا۔

مقتول نوجوان کی شناخت 18 سالہ مزمل ولد منیر کے نام سے کی گئی، مقتول نوجوان سی ٹی اسپتال بھینس کالونی کا رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے لیتھ مشین کا مکینک تھا، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پرپہنچ گئی اورپولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کوموقع پرطلب کرلیا۔

ایس ایچ اوشاہ لطیف ٹاؤن غلام نبی آفریدی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول نوجوان اپنے دوست حامد کے ہمراہ موٹرسائیکل پرکسی کام کے سلسلے میں جارہا تھا کہ رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹرسامنے موٹرسائیکل پرسوار تنہا ملزم نے نوجوانوں سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پرفائرنگ کردی۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول نوجوان کو جسم پر 2 گولیاں لگیں اور ابتدائی معلومات کے مطابق نوجوان کوسینے پرلگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ مسلح ملزم چھینے ہوئے موبائل فون اور نقدی لیکر فرار ہوگیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرلیے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال شہر قائد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 47 ہوگئی۔

دریں اثنا شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے، گلشن اقبال تھانے کے علاقے یونیورسٹی روڈ سفاری پارک کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے مزدور 50 سالہ رحمان اللہ ولد خان افضل زخمی ہوا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جیکسن تھانے کے علاقے شیریں جناح کالونی ٹاپو نوراللہ مسجد کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان اصغرخان ولد دلاور خان زخمی ہوگیا جسے فوری طور پرجناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جیکسن پولیس کے مطابق نوجوان نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ