ایم کیو ایم کا راج تھا؛ ماموں اور مرغا بننے کا وقت ختم، اب کام ہوگا، مرتضیٰ وہاب

murtaza wahab1787391767 0



کراچی:

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کورنگی میں ایم کیو ایم کا راج تھا، اب ماموں اور مرغا بننے کا وقت ختم ہوچکا ہے، اب کام ہوگا۔

صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ کورنگی نمبر 5 فلائی اوور کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں چیئرمین کورنگی ٹاؤن نعیم شیخ سمیت پیپلز پارٹی کے ضلعی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں اب کوئی مرغا نہیں بنے گا، ماموں اور مرغا بننے کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ اب کام کا وقت ہے اور ہم بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے وژن پر کام کررہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین اور صدر نے ہمیشہ یہ سوال پوچھا کہ لوگوں کے لیے کیا کام کیا جارہا ہے۔ ضلع کورنگی وہ علاقہ ہے جہاں ایم کیو ایم کا راج تھا، تاہم اس ضلع میں پیپلز پارٹی نے ہزاروں روڈ بنا کر دیے ہیں۔ کورنگی کازوے، تاج حیدر فلائی اوور اور اب کورنگی لانڈھی فلائی اوور یہاں بنایا گیا۔ کورنگی ڈھائی نمبر برج اور عظیم پورہ فلائی اوور بھی بنائے گئے، جبکہ شاہراہ بھٹو بھی پیپلز پارٹی نے تعمیر کی۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی میں 2 ارب اور لانڈھی میں 2 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ دیگر صوبے آٹزم کے شعبے میں کام کرنے کی بات کرتے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے 4 سال پہلے آٹزم سینٹر بنایا تھا۔ پیپلز پارٹی کا پیغام ہے کہ کام کرو کیونکہ عوام دیکھ رہی ہے۔ دلوں کو جوڑنے کے لیے سڑک تو بنانی ہے، جبکہ ترقیاتی کام پیپلز پارٹی کی سربراہی میں جاری رہیں گے۔

صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کا وژن عوام کی خدمت کرنا ہے۔ چیئرمین کے وژن کی تکمیل کے لیے وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی پوری ٹیم دن رات کام کررہی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بڑی بڑی اسکیموں پر کام کرکے حکومت نے عوام پر کوئی احسان نہیں کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا جذبہ عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہم اسی جذبے کے تحت اپنا کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کے لیے انڈس اسپتال کا سب سے بڑا ڈونر سندھ حکومت ہے۔ اس خطے کا سب سے بڑا آٹزم سینٹر کورنگی شاہراہ بھٹو میں تعمیر کیا جارہا ہے، جس کا نام ’انکلوژیو سٹی‘ رکھا جائے گا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انڈسٹریل ایریا میں دیے گئے فنڈز کے حوالے سے صنعتوں کے مالکان قابل احترام ہیں۔ چیئرمین کے حکم پر وزیراعلیٰ سندھ نے صنعتی علاقوں کو فنڈز دیے تاکہ وہاں بہتری آئے اور روزگار کے مواقع بڑھیں۔ کورنگی اور لانڈھی کے 2 انڈسٹریل ایریاز کے لیے مجموعی طور پر 4 ارب روپے دیے گئے ہیں۔ ان فنڈز کا مقصد صنعتی علاقوں میں بہتری لانا اور روزگار میں اضافہ کرنا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان تھا اور بلاول بھٹو زرداری بھی اسی نعرے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہم سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اور یہی پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ میئر کراچی ہوں یا وزیراعلیٰ سندھ، وہ میڈیا اور پروٹوکول کے بغیر بھی رات گئے کراچی کا دورہ کرتے ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ