لاہور (نامہ نگار خصوصی) وزیرِاعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا۔ یہ امدادی سامان 100 ٹن پر مشتمل ہے جو مجموعی طور پر 23ویں کھیپ ہے۔ امدادی سامان الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے خصوصی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے روانہ کیا گیا۔
روانہ کیے گئے سامان میں آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چنے، ڈبہ بند پھل، تیار کھانے اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش شامل ہیں۔ اب تک 23 کھیپوں کے ذریعے فلسطین بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن 2 ہزار 227 ٹن ہو چکا ہے۔
امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں حکومتی نمائندے، این ڈی ایم اے کے افسران اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان بھی شریک تھے۔ گورنر پنجاب نے سامان کی فوری ترسیل یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور دیگر فلاحی اداروں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اس کڑے وقت میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ "غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمان ہمارے بھائی ہیں، اسرائیل دنیا میں امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔” انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر شہید کیا جا رہا ہے، اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی دہشت گردی کا سختی سے نوٹس لے۔
سردار سلیم حیدر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اسلامی ممالک کو یکجا ہو کر فلسطین کا ساتھ دینا ہوگا، کیونکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ اور دیگر شہری علاقوں میں بمباری انسانی اصولوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان مقامی شراکت دار تنظیموں کے ذریعے فوری طور پر متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا اور آئندہ بھی امدادی کھیپیں بھجوائی جائیں گی۔