ٹینس اسٹار راجر فیڈرر ہال آف فیم میں شمولیت کی تقریب کے دوران جذباتی ہوگئے

untitled design 2026 08 30t190614 1101788098973 0



سوئٹزرلینڈ کے لیجنڈری ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا، تقریب کے دوران 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر نیوپورٹ میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجر فیڈرر نے ہال آف فیم میں شمولیت کو اپنی زندگی کے عظیم ترین اعزازات میں سے ایک قرار دیا۔

45 سالہ راجر فیڈرر نے اپنے خطاب میں حریف کھلاڑیوں، آفیشلز، مداحوں، خاندان اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے شاندار کیریئر میں ان کا ساتھ دیا۔

آٹھ مرتبہ ومبلڈن ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی نے اپنی تقریر کے دوران اپنے کیریئر کے دلچسپ اعداد و شمار بھی بیان کیے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 5 ہزار سے زائد ہیڈ بینڈز اور تقریباً 7 ہزار جوڑے جرابیں استعمال کیں۔

راجر فیڈرر نے کہا کہ ہال آف فیم میں شامل ہونا ان کے لیے اپنے سفر کو پیچھے مڑ کر دیکھنے اور مستقبل کی جانب دیکھنے کا بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی ان کا وقت ختم ہوچکا ہے، تاہم ٹینس ہمیشہ ان کی زندگی کا اہم حصہ رہے گی۔

فیڈرر نے 13 سال کی عمر میں باسل میں اے ٹی پی ٹورنامنٹ میں بال بوائے کے طور پر ٹینس کا سفر شروع کیا تھا اور بعد ازاں دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوئے۔ انہوں نے 2022 میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

 



Source link

متعلقہ پوسٹ