وائٹ ہاؤس کے ٹیلی پرامپٹر آپریٹر پر ٹرمپ کی تقاریر پر سٹہ لگانے کے الزام میں جرمانہ عائد

prom 300826 d


واشنگٹن— امریکی وفاقی ریگولیٹر کموڈٹی فیوچرز ٹریڈنگ کمیشن (CFTC) نے وائٹ ہاؤس کے سابق ٹیلی پرامپٹر آپریٹر گیبریل پیریز پر ایک لاکھ 72 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا ہے، جن پر الزام تھا کہ انہوں نے اندرونی معلومات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تقاریر پر آن لائن پیشن گوئی مارکیٹ میں سٹہ لگایا۔
خبر کے مطابق، اس الزام کے منظرِ عام پر آنے کے بعد پیریز نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ ٹریڈنگ کمیشن نے جمعہ کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا کہ گیبریل پیریز نے صدر کے لیے کام کے دوران حاصل کردہ "مادی، غیر عوامی معلومات” کو ناجائز طور پر استعمال کرتے ہوئے کلشی (Kalshi) نامی پیشن گوئی پلیٹ فارم پر "اپنے ذاتی فائدے” کے لیے سٹہ لگایا۔
ایجنسی کے مطابق، ٹریڈنگ کمیشن نے پیریز کو حکم دیا کہ وہ اپنی غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل کردہ منافع واپس کریں اور مقررہ سول جرمانہ ادا کریں۔ کمیشن کے مطابق، دسمبر سے فروری تک وائٹ ہاؤس میں ٹیلی پرامپٹر آپریٹر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے، پیریز نے کلشی پلیٹ فارم پر ان الفاظ یا جملوں پر شرطیں لگائیں جو ٹرمپ اپنی تقاریر کے دوران استعمال کر سکتے تھے۔ وائٹ ہاؤس میں ان کے عہدے نے انہیں صدر کی تقاریر تک ان کی باضابطہ پیشکش سے قبل رسائی فراہم کی تھی، اور انہوں نے اس معلومات کو غلط طریقے سے استعمال کر کے منافع کمایا، جس سے "اعتماد اور وفاداری کے اپنے فرض” کی خلاف ورزی ہوئی۔
پیریز نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے معذرت کر لی ہے، جبکہ ان پر تین سال کے لیے تجارتی پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پیریز نے خود استعفیٰ دیا یا انہیں عہدے سے برطرف کیا گیا۔
اس وقت کی وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے پیریز کے خلاف اندرونی تجارت کی اطلاعات کو "انتہائی افسوسناک” اور "واضح طور پر ایک رسوائی” قرار دیا تھا۔ وائٹ ہاؤس کے عملے کے ریکارڈ کے مطابق، پیریز اپنے ٹیلی پرامپٹر کے کام کے عوض سالانہ ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر تنخواہ وصول کرتے تھے۔
یہ معاملہ آن لائن پیشن گوئی مارکیٹوں کے مسلسل پھیلاؤ کو ظاہر کرنے والا تازہ ترین واقعہ ہے، جو صارفین کو عوامی واقعات اور رجحانات پر قیاسی شرطیں لگانے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔ خیال رہے کہ کلشی نے اپریل میں تین سیاسی امیدواروں کے خلاف بھی جرمانے کا اعلان کیا تھا، جنہوں نے اپنے ہی انتخابات پر شرطیں لگائی تھیں — جن میں ایک امیدوار وہ بھی شامل تھا جس نے ورجینیا میں امریکی سینیٹ کی نشست کے لیے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کا اعلان کرنے سے قبل اسی بات پر شرط لگائی تھی کہ آیا وہ انتخاب لڑیں گے یا نہیں۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ پیشن گوئی مارکیٹ کی صنعت کا دفاع کرتے رہے ہیں، جس سے ان کے خاندان کے کاروباری مفادات بھی وابستہ ہیں۔ انہوں نے انفرادی امریکی ریاستوں کے ذریعے ان مارکیٹوں کو ریگولیٹ کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے بجائے یہ ذمہ داری ٹریڈنگ کمیشن کو ہی نبھانی چاہیے۔ اسی دوران، پیریز کے جرمانے سے متعلق اپنی پریس ریلیز میں ٹریڈنگ کمیشن نے کلشی کا اس معاملے میں تعاون فراہم کرنے پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ پوسٹ