
(ویب ڈیسک)بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع جمنا نگر میں ہتھنی کنڈ بیراج کے قریب بھارتی فوج کی کشتی تیز بہاؤ اور بھنور کی زد میں آکر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار لاپتا ہوگئے جبکہ 3 اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب بھارتی فوج کے اسپیشل فورسز یونٹ 1 پیرا سے وابستہ اہلکاروں کی کشتی بیراج کے سلائس گیٹس کے قریب پانی کے تیز بہاؤ اور بھنور میں پھنس کر الٹ گئی۔
کشتی میں سوار 3 اہلکاروں نے لائف جیکٹس پہن رکھی تھیں، جس کی مدد سے وہ محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم ناہن میں قائم ایک یونٹ سے تعلق رکھنے والے 2 اہلکار تاحال لاپتا ہیں۔
لاپتا اہلکاروں کی تلاش کے لیے بھارتی فوج، فضائیہ، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، پولیس اور سول انتظامیہ کی ٹیمیں مشترکہ آپریشن کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سونا ہزاروں روپے سستا
ریسکیو حکام نے دریائے جمنا اور اس سے منسلک نہروں میں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے بھی سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے، جبکہ تلاش کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے بیراج سے پانی کا بہاؤ بھی کم کیا گیا ہے۔

