پاکستان، کرغزستان کا دوطرفہ تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کا معاہدہ

398183 974205205


پاکستان اور کرغزستان نے بدھ کو دوطرفہ تجارتی حجم دو سال میں موجودہ ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک میں موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی سے قبل بشکیک ایئرپورٹ پر پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے معاہدے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک کولوبایف نے دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

اس موقع پر کرغزستان کے صدر صادر زاپاروف بھی موجود تھے۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ملاقاتوں کے دوران مختلف معاملات پر تبادلہ خیال ہوا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سالانہ تجارتی حجم اس وقت صرف ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہے، جو دونوں ممالک کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

وزیراعظم کے مطابق انہوں نے کرغزستان کے صدر صادیر زاپاروف کو تجویز دی تھی کہ دوطرفہ تجارت کو دو سال میں 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کے لیے محض مفاہمت کی یادداشت کے بجائے باقاعدہ معاہدہ کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان کی تجویز کو صدر زاپاروف نے منظور کیا، جس کے بعد بشکیک ایئرپورٹ پر معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم آٹے میں نمک کے برابر ہے اور 20 کروڑ ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط ایک مضبوط قدم ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ