پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن؛ خفیہ سیل قائم ، گرفتاریاں شروع

maryam1757416069 0



لاہور:

پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور خفیہ سیل قائم کرکے رنگے ہاتھوں گرفتاریاں اور حساب کتاب جاری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے خلاف زیرو ٹالرنس کا حکم دے دیا۔ ان کی ہدایت پر کرپشن کی نشاندہی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کیا گیا ہے۔ خفیہ سیل کی رپورٹ براہ راست وزیراعلیٰ کو پیش کی جارہی ہے جبکہ گرفتاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔

کرپشن و بدعنوانی کے خلاف عوام کی شکایات کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے ہیلپ لائن 1350 قائم کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت مانگی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال ہو، عوام فوری اطلاع دیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر شکایت پر کارروائی ہوگی اور شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی۔ کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ یہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ جو ہاتھ عوام کے پیسے کی طرف بڑھے گا، وہ ہاتھ روکا جائے گا۔ انہوں نے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ ہر منصوبے کے معیار اور اخراجات کا آزادانہ جائزہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مریم نواز شریف نے کرپشن کی شکایات پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی اس حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، اس پر آنچ نہیں آنے دوں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کیے گئے ہیں، ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ جو اچھا کام کرے گا، اس کی حوصلہ افزائی کے لیے سی ایم میرٹ بیج ہے اور جو کرپشن کرے گا وہ قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والا ہر شخص سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا، کسی کو عوام کا پیسہ کھانے نہیں دوں گی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔ پنجاب میں کرپشن کے لیے اب کوئی گنجائش، کوئی پناہ اور کوئی رعایت باقی نہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ