جرمنی کی نجی خلائی کمپنی اسار ایرو اسپیس نے یورپی سرزمین سے کامیابی کے ساتھ اپنا خلائی راکٹ مدار میں پہنچا کر تاریخ رقم کردی۔
جرمن کمپنی کا اسپیکٹرم راکٹ ناروے کے خلائی مرکز آندویا اسپیس پورٹ سے خلا میں روانہ کیا گیا اور کامیابی سے مدار میں داخل ہوگیا۔
کمپنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ راکٹ مدار میں پہنچ گیا ہے اور نجی طور پر تیار کیے گئے راکٹ کی براعظم یورپ سے پہلی کامیاب مداری پرواز کے ذریعے یورپی تاریخ رقم کردی گئی ہے۔
جرمن وزارتِ تحقیق، ٹیکنالوجی و خلائی امور نے بھی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی کے پاس خلائی پرواز کی صلاحیت موجود ہے۔
وزارت کے مطابق یہ کامیابی ملک کی جدت، تکنیکی مہارت اور خلائی شعبے میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا اہم ثبوت ہے۔
یہ اسپیکٹرم راکٹ کی خلا میں پہنچنے کی دوسری کوشش تھی۔ اس سے تقریباً 18 ماہ قبل کمپنی نے پہلی بار راکٹ لانچ کرنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ مشن کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ جرمنی کی نجی خلائی صنعت نے یورپ کے خلائی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے اور یہ پیش رفت مستقبل میں یورپ سے نجی راکٹ لانچنگ کی راہ ہموار کرسکتی ہے۔

