پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات ریکارڈ 568 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں

2683170 seafoodmarket 1723306075



اسلام آباد:

وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات ریکارڈ 568 ملین ڈالر کی سطح تک پہنچ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہتر معیار، نئی منڈیوں تک رسائی، زیادہ ویلیو ایڈیشن اور برآمدی منڈیوں میں تنوع سے بلیو اکانومی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں خرم شہزاد نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ پہلی مرتبہ سی فوڈ برآمدات 500 ملین ڈالر کی حد عبور کرتے ہوئے 568 ملین ڈالر ریکارڈ ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2023-24 میں پاکستان کی سی فوڈ برآمدات 406 ملین ڈالر تھیں، جو مالی سال 2024-25 میں بڑھ کر 489 ملین ڈالر ہوگئیں۔ مالی سال 2025-26 میں برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 568 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس طرح 2 سال میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوا۔

خرم شہزاد کے مطابق گزشتہ مالی سال منجمد مچھلی کی برآمدات 105.1 ملین ڈالر، سکویڈ اور کٹل فش 103.7 ملین ڈالر، فش میل 83.1 ملین ڈالر، جھینگے 62.1 ملین ڈالر جبکہ کیکڑوں کی برآمدات 36.9 ملین ڈالر رہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانی سی فوڈ چین، جنوب مشرقی ایشیا، خلیجی ممالک، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا سمیت مختلف بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کی جا رہی ہے۔ معیار میں بہتری اور نئی منڈیوں تک رسائی سے پاکستانی سی فوڈ کے لیے برآمدی مواقع بھی بڑھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روسی منڈی میں بھی پاکستانی سی فوڈ کی رسائی بڑھی ہے اور 16 پاکستانی سی فوڈ پروسیسنگ پلانٹس کو روسی مارکیٹ کے لیے منظور کیا جاچکا ہے۔ پاکستان کے لیے بلیو اکانومی میں برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

خرم شہزاد نے کہا کہ اس صلاحیت سے بھرپور فائدے کے لیے جدید پروسیسنگ سہولیات، ویلیو ایڈیشن، ایکوا کلچر، کولڈ چین کے بنیادی ڈھانچے، عالمی معیار کے حفظانِ صحت کے تقاضوں کی تکمیل اور نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی پر مزید توجہ دینا ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی فوڈ برآمدات میں مسلسل اضافہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اس شعبے میں سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور ساحلی معیشت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ