
(ویب ڈیسک)برطانیہ میں سسٹم میں بڑی خرابی کی وجہ سے فلائٹ آپریشن درہم برہم ہوگیا، 3000 پروازیں متاثر ہوگئیں، 900 ملکی اور غیر ملکی پرواز منسوخ جبکہ 2100 میں تاخیر کر دی گئی۔
برطانیہ کے نیشنل ائیر ٹریفک سروسز کے فلائٹ پروسیسنگ اور ریڈار سسٹم میں بڑی خرابی پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے لندن کے ہیتھرو، گیٹوک، مانچسٹر، برمنگھم، ایڈنبرا، لوٹن گلاسگو سمیت 15 بڑے ائیرپورٹس کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔
ایک اندازے کے مطابق برطانیہ کی 3000 سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں 10 بڑے ائیرپورٹ کی 900 پروازیں منسوخ جبکہ 2100 تاخیر کا شکار تھیں۔
آخری اطلاعات تک لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ کی 300 پروازیں منسوخ جبکہ 550 تاخیر کا شکار ہوئیں، لوٹن کی 80 منسوخ اور 150 میں تاخیر ہوئی۔ گیٹوک کی 150 پروازیں منسوخ جبکہ 325 تاخیر کا شکار تھیں۔
اس کے علاوہ سٹی کی 46 ، مانچسٹر 319 ، ڈبلن 336 ، برمنگم 132 ، ایڈن برگ کی 153 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران نے امریکی جہازوں کو نشانہ بنایا تو اپنے آئل ٹینکرز سے ہاتھ دھونا پڑے گا: مارکو روبیو
مختلف ائیرپورٹس پر پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ 150 سے 200 منٹ تک پہنچ گیا تھا، سسٹم میں خرابی کی وجہ سے درجنوں پروازوں کے رخ موڑے گئے بیشتر پروازوں کو برسلز، ایمسٹرڈیم، پیرس، ڈسلڈورف اور یورپ کے مختلف ائیرپورٹس پر اتارا گیا۔
رات گئے تکنیکی عملے اور انجینئرز خرابی کی وجہ تلاش کرکے سسٹم کو فوری طور پر بحال کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے تھے۔

