
(ویب ڈیسک)آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال دنیا بھر میں عام ہوتا جا رہا ہے مگر اب بھی تمام افراد تک اس کی رسائی نہیں ہوسکی مگر جنوبی کوریا دنیا کا پہلا ایسا ملک بننے والا ہے جہاں کے ہر شہری کو مفت اور لامحدود جنریٹیو اے آئی سروس فراہم کی جائے گی۔
جنوبی کورین وزارت سائنس کی جانب سے 3 ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اگست 2026 میں یہ ٹاسک دیا گیا تھا کہ وہ ہر شہری کے لیے مفت اور لامحدود اے آئی سروس تیار کرکے فراہم کریں،ستمبر میں اس سروس کی بیٹا (beta) ٹیسٹنگ شروع کی جا رہی ہے اور اسے اے آئی فار آل کا نام دیا گیا ہے۔
اس طرح یہ جنوبی کوریا وہ ملک بن گیا ہے جہاں جنریٹیو اے آئی تک رسائی کو عوامی سہولت اور حق قرار دیا گیا ہےیعنی وہاں رہنے والے تمام 5 کروڑ 20 لاکھ شہریوں کو اے آئی کے استعمال پر کوئی خرچہ نہیں کرنا پڑے گا۔
ان کمپنیوں میں جنوبی کوریا کے 2 بڑے ٹیلی کام آپریٹرز اور ایک کورین میسجنگ ایپ شامل تھی،ہر ایک نے اپنی ایک ایپ تیار کی اور اے آئی کو ان پراڈکٹس کا حصہ بنا دیا جو لوگ پہلے سے استعمال کر رہے تھے۔
یہ اے آئی سروس فون کالز، ایس ایم، ویب پورٹلز اور دیگر کے ذریعے استعمال کی جاسکے گی،یہ ٹولز حکومتی سسٹمز سے بھی منسلک ہوں گے اور ان کو ڈاکٹروں کی اپائنمنٹس، اپارٹمنٹ کی تلاش یا ٹیکس مشاورت وغیرہ کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
والدین کو بچوں کے لیے تعلیمی مواد کی تجاویز بھی موصول ہوں گی۔
جنوبی کورین حکومت نے اے آئی سے جڑے منصوبوں کے لیے 2026 میں 7.2 ارب ڈالرز مختص کیے ہیں جو کہ گزشتہ سال کے بجٹ سے 3 گنا زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 26 نومبر احتجاج کیس: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری برقرار

