پی ڈی ایم اے پنجاب کا صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری اسپیل سے متعلق الرٹ جاری

rain teez1752853072 0



لاہور:

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل سے متعلق صوبہ بھر میں الرٹ جاری کردیا ہے، جس کے تحت آج سے 17 ستمبر تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے جہاں درجہ حرارت 27 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کل سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے۔

اسی طرح خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ بڑے شہروں خصوصاً راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش سے گریز کریں اور آندھی و طوفان کی صورت میں غیر ضروری سفر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور بچوں کو نشیبی علاقوں، پانی اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھیں۔

ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ