پاکستان کی ویمنز فٹبال ٹیم کی رینکنگ مردوں کی فٹبال ٹیم سے بہتر ہے۔
ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے اسلام آباد میں ویمن فٹبال اسٹریٹیجی 2026-30 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محسن گیلانی نے کہا کہ فیفا کے ساتھ مل کر پی ایف ایف نے ویمن فٹبال اسٹریٹیجی تیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان ویمن فٹبال ٹیم نے پہلی بار فیفا ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کی۔ پاکستان ویمن فٹبال ٹیم حالیہ فیفا ٹورنامنٹ میں 8 گول سے جیتی ہے۔
صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کامیابی کے پیچھے بہت محنت ہے۔
محسن گیلانی نے کہا کہ خواتین کو فٹبال کی طرف راغب کرنے کے لیے ماحول بنا رہے ہیں، پاکستان مینز فٹبال ٹیم کی مینیجر پہلی بار ایک خاتون کو بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف خواتین کھلاڑی ہی نہیں، خواتین کوچز اور ریفریز بھی پاکستان کے لیے سامنے لانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینا ہے تو حکومت کا ساتھ بہت ضروری ہے۔
صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ، صوبائی اسپورٹس بورڈز اور وزارت بین الصوبائی رابطہ پی ایف ایف کی کافی مدد کر رہے ہیں۔
محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ یوتھ لیول پر ٹیلنٹ کو تلاش کیا جائے گا، انڈر 15 قومی ویمن ٹیم بنائیں گے جو آئندہ سال فیفا ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی خواتین کی لیگ آج تک پاکستان میں نہیں ہوئی، قومی ویمن چیمپئن شپ ضرور ہوئی ہے۔ ہوم میچز میں کافی وسائل استعمال ہوتے ہیں، خواتین فٹبال میچز کے لیے سیریز شیڈول کرنا پڑیں گی، ایک میچ کے لیے وسائل استعمال کرنا مہنگا پڑتا ہے۔
صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ جب بھی بیرون ملک جاتا ہوں، دیگر فٹبال بورڈز ہمیشہ کہتے ہیں کہ آپ کی ویمن فٹبال ٹیم کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔
محسن گیلانی نے کہا کہ فٹبال گورننس کا ہمیشہ سے پاکستان میں مسئلہ رہا ہے، فیفا کے ساتھ مل کر ورکشاپ کی جس سے پی ایف ایف میں شفافیت ہوسکتی ہے۔

