راولپنڈی: پاکستان ریلوے کے راولپنڈی ڈویژن نے تجاوزات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لینڈ گریبروں کے قبضے سے تقریباً 3 ہزار 509 مربع فٹ قیمتی ریلوے اراضی واگزار کرا لی ہے، جس کی مالیت کئی ملین روپے بتائی جا رہی ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ریلوے اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے جاری انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران ریلوے پولیس اور مقامی انتظامیہ نے بھی تعاون کیا، جبکہ کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واگزار کرائی گئی اراضی پر طویل عرصے سے غیر قانونی تعمیرات قائم تھیں، جنہیں کارروائی کے دوران مسمار کر دیا گیا۔ اراضی کلیئر کرنے کے بعد اس کی باقاعدہ حد بندی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا تاکہ مستقبل میں دوبارہ تجاوزات نہ ہو سکیں۔
پاکستان ریلوے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے اراضی قومی اثاثہ ہے اور اس کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں راولپنڈی ڈویژن کے دیگر علاقوں میں بھی انسدادِ تجاوزات کارروائیاں کی جائیں گی، جبکہ واگزار کرائی گئی اراضی کو ریلوے کے ترقیاتی اور انتظامی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔

