اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے دارالحکومت اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے لیے قانون سازی کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی قانون سازی کے تحت اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کا ڈھانچہ پنجاب کے بلدیاتی نظام کی طرز پر استوار کیا جائے گا، جس کا مقصد نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی، عوامی مسائل کے فوری حل اور مقامی نمائندگی کو مؤثر بنانا ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے بلدیاتی نظام سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا اور چیف کمشنر اسلام آباد نے کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ ارکان کو آگاہ کیا گیا کہ نئے نظام کے تحت بلدیاتی اداروں کے اختیارات، مالی امور اور انتظامی ڈھانچے کو واضح قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا، جبکہ نئی قانون سازی کے بعد انتخابات کے شیڈول اور طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے وفاقی دارالحکومت میں مقامی حکومتوں کا نظام فعال ہوگا اور شہری سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، جبکہ عوام کو نچلی سطح پر فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی مل سکے

