پاکستان ہاکی لیگ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، افتتاحی سیزن 2027 میں ہوگا
پاکستان ہاکی لیگ کو ملک میں ہاکی کی بحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔
اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن اور میڈیا کاسٹ کے اشتراک سے پاکستان ہاکی لیگ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، لیگ کا افتتاحی سیزن 2027 میں منعقد ہوگا جس میں 6 فرنچائز ٹیمیں 15 روزہ مقابلوں میں حصہ لیں گی۔
پاکستان ہاکی لیگ کے سنگ بنیاد کی تقریب آج اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں حکومتی شخصیات، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران اور ہاکی کے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
لیگ میں مقامی ہاکی کھلاڑیوں کے ساتھ ممتاز بین الاقوامی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس اقدام کا مقصد نجی شعبے اور اسپانسرز کی فعال شرکت کے ذریعے پاکستان میں ہاکی کو دوبارہ فروغ دینا ہے۔
پاکستان ہاکی لیگ کے ذریعے ملک میں ہاکی کے لیے ایک پائیدار تجارتی ڈھانچہ تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کے بہترین کھلاڑیوں اور کوچز سے سیکھنے کے مواقع بھی میٸسر آئیں گے۔
تقریب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون، معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی اور میڈیا کاسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان دانش نے شرکت کی۔
اس موقع پر ہاکی کے نامور کھلاڑی حسن سردار، شہناز شیخ، شہباز سینئر، طاہر زمان اور خواجہ جنید بھی موجود تھے۔ شرکاء نے پاکستان ہاکی لیگ کو ملک میں ہاکی کی بحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

