لاہور: پنجاب حکومت نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا، تاہم فنڈز کی تقسیم کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔
صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جن افراد کے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں انہیں 10 لاکھ روپے اور جزوی طور پر متاثرہ مکانات کے مالکان کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی میں ڈوبنے والی زمین کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 20 ہزار روپے جبکہ مرنے والی ہر گائے یا بھینس کے بدلے 5 لاکھ روپے بطور معاوضہ دیا جائے گا۔
وزیراطلاعات نے واضح کیا کہ یہ تمام ادائیگیاں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے کرے گی اور اس مقصد کے لیے بیرونی امداد نہیں لی جارہی۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ جماعتیں وفاقی حکومت پر عالمی برادری سے امداد لینے پر زور دے رہی ہیں۔
اگرچہ پیکیج کا اعلان کردیا گیا ہے مگر فنڈز کی تقسیم کے لیے کوئی حتمی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی۔