منیلا میں جعلی سیلاب منصوبوں پر اربوں ڈالر کی کرپشن کے خلاف عوام سڑکوں پر، فوج ریڈ الرٹ پر

IMG 20250921 WA0714



فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں سیلاب کنٹرول کرنے کے جعلی منصوبوں اور اربوں ڈالر کی مبینہ خرد برد کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ ہزاروں مظاہرین نے حکومت اور سیاسی قیادت کے خلاف شدید احتجاج کیا، جس کے باعث دارالحکومت شدید غم و غصے کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔
بڑے پیمانے پر جاری احتجاج کے پیشِ نظر فوج کو بھی "ریڈ الرٹ” پر رکھا گیا ہے۔ اسکینڈل نے ملکی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے اور قیادت میں بڑی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ ایوان زیریں کے اسپیکر اور صدر فرڈینینڈ مارکوس کے کزن مارٹن رومیوالدیز نے پارلیمانی تحقیقات شروع ہوتے ہی استعفیٰ دے دیا۔
صدر مارکوس نے گزشتہ ماہ قوم سے خطاب میں دعویٰ کیا تھا کہ سیلاب کنٹرول منصوبے عوام کی بہتری کے لیے ہیں، تاہم حالیہ مہلک بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے بعد ان پر شدید تنقید میں اضافہ ہو گیا۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں صدر مارکوس نے کہا کہ انہیں عوام کے احتجاج پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن انہوں نے مظاہرین سے اپیل کی کہ مظاہرے پرامن رہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ اسکینڈل فلپائن کی سیاست اور حکومت کے لیے ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر گیا ہے، جس کے اثرات پارلیمان سے لے کر عوامی سطح تک دیکھے جا رہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ