واشنگٹن — شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع شامی سفارت خانے پر ایک دہائی سے زائد عرصے بعد پہلی مرتبہ شامی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شامی نژاد امریکیوں نے شرکت کی۔
شیبانی نے تقریب کے بعد ترک خبر رساں ادارے انادولو سے گفتگو میں کہا کہ ’’یقیناً یہ ایک تاریخی لمحہ ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے نو ماہ بعد یہ پرچم کشائی شامی عوام کی 14 سالہ خانہ جنگی کے دوران جدوجہد کی علامت ہے۔
یہ تقریب ایسے وقت میں منعقد ہوئی جب شام کے نئے صدر احمد الشرع اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہو رہے ہیں۔ یہ دورہ اس اعتبار سے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ گزشتہ 58 برسوں میں کسی شامی صدر کا امریکہ کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔