نیویارک:
اقوام متحدہ نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور شہریوں کے تحفظ پر زور دیا ہے۔
ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حوثی حملوں کے بعد صورتحال پر گہری تشویش ہے۔
اقوام متحدہ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کیا جائے اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں حوثی حملوں کے بعد حفاظتی الرٹس بھی جاری کیے گئے۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق العلا، ینبع، طائف، جازان اور جدہ سمیت مختلف علاقوں میں خطرہ ختم ہونے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے حوثی حملوں پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں جاری کشیدگی کے باعث پہلے سے موجود انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے جبکہ سعودی عرب پر حوثی حملوں کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی سطح پر تشویش میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

