اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی )وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے پاکستان فارما مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں جعلی ادویات کی روک تھام اور مقامی ویکسین کی تیاری کے حوالے سے اہم پیش رفت پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں 2D بارکوڈ سسٹم پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ادویات کی ٹریکنگ اور مانیٹرنگ کے ذریعے عوام کو معیاری اور محفوظ ادویات فراہم کی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ہی مقامی سطح پر ویکسین پروڈکشن کے روڈ میپ پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ اور ملکی فارما انڈسٹری کے وقار کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ادویات سازی کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔
