نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین کے معاملے پر امریکا اور چین کے مندوبین کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا، دونوں نے ایک دوسرے پر تنازع کو ہوا دینے اور جھگڑا پیدا کرنے کے الزامات لگائے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کی قائم مقام مندوب ڈورتھی شیا نے چین پر الزام لگایا کہ وہ روس کے فوجی صنعتی نظام کو مضبوط بنانے والی اشیاء فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے تمام ممالک، بالخصوص چین سے مطالبہ کیا کہ روس کو اس قسم کی سپورٹ بند کی جائے۔
چین کے نائب مندوب گنگ شوانگ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چین اس تنازع میں کسی فریق کا حمایتی نہیں، اور نہ ہی اس نے کبھی کسی کو ہتھیار فراہم کیے۔ انہوں نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ بے بنیاد الزامات لگا کر ماحول کو خراب کر رہا ہے۔
چینی مندوب نے مزید کہا کہ امریکا کو دوسروں پر الزام تراشی اور دھمکی آمیز بیانات دینے کے بجائے تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ یاد رہے کہ چین کی وزارت خارجہ پہلے بھی امریکی پابندیوں اور "بیرونی دائرہ اختیار” کو غیرقانونی قرار دے چکی ہے۔
یہ تازہ جھڑپ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یوکرین جنگ عالمی سفارتی منظرنامے پر مرکزی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔